ممبئی،24جنوری(اے یو ایس)بالی ووڈ اداکار ورون دھون آج دولہا بن کر اپنی گرل فرینڈ نتاشا دلال سے شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں، لیکن شادی سے عین قبل ایک ایسی خبر سامنے آ ہے، جس نے سبھی کوحیران و پریشان کردیا ہے۔ ورون دھون اور نتاشا کی شادی کیلئے دونوں کنبے کے اراکین اور کچھ دوست جمعہ کو ہی علی باغ پہنچ گئے ہیں۔

 

دریں اثناء ورون دھون ہفتہ کو دوپہر میں علی باغ پہنچے۔ خبر ہے کہ ان کی کار ہفتہ کو اس وقت حادثہ کا شکار ہوگئی تھی جب وہ جوہو سے علی باغ جارہے تھے۔اس حادثہ میں ورون دھون بال بال بچ گئے۔ورون دھون جمعہ کو کچھ مصروف تھے، اس لئے وہ 23 جنوری کو اپنے گھر سے علی باغ کیلئے نکلے۔ علی باغ کار سے پہنچنے میں تقریباً چار گھنٹے لگتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق علی باغ کے راستے میں ٹریفک بہت زیادہ ہوتی ہے۔ شادی کی رسمیں شروع ہونے والی تھی، ایسے میں ورون کو جلد از جلد علی باغ پہنچنا تھا۔ تبھی راستے میں ان کی گاڑی ایک حادثہ کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے کار میں خراش بھی آگئی۔تاہم راحت کی بات یہ رہی کہ اس حادثہ میں کسی کو چوٹ نہیں پہنچی ہے۔