نئی دہلی، 30 دسمبر(اے یوایس) ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت ہندوستان کے دفاعی عملے (سی ڈی ایس) کے پہلے سربراہ نامزد کئے گئے ہیں۔ یہ اعلان وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے اعلی ملٹری عہدے کی تشکیل کے وعدے کے کئی مہینے کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔اس سے قبل کابینہ کمیٹی نے سکیورٹی سے متعلق سی ڈی ایس کی تخلیق کو منظوری دی جو سہ رخی خدمات سے متعلق تمام معاملات پر وزیردفاع کیلئے پرنسپل ملٹری ایڈوائزر کے طور پر کام کریں گے۔ موجودہ قوانین کے مطابق سروس سربراہان زیادہ سے زیادہ تین یا 62 سال کی عمر تک خدمات انجا م دے سکتے ہیں۔ سی ڈی ایس عہدہ چھوڑنے کے بعد کسی بھی سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہوگا۔ سی ڈی ایس عہدے کی مدت پوری کرنے کے بعد پانچ سال کی مدت کیلئے بنا ماقبل منظوری کے کسی پرائیویٹ ملازمت کی اجازت نہیں ہوگی۔