نئی دہلی، 30 دسمبر(اے یوایس) دہلی اور قومی دارالحکومت علاقہ (این سی آر) میں پڑ رہی ریکارڈ سردی کے درمیان پیر کی صبح دھند نے پورے علاقے کو اپنے آغوش میں لے لیا اور ریل اور ہوائی ٹریفک پر اس کا وسیع پیمانہ پر اثر پڑا۔مجموعی طور پر شدید ٹھنڈسے پورا شمالی ہندوستان دوچار ہے۔شمالی ریلوے کے مطابق دھند کی وجہ سے 30 ٹرینوں کی آمد و رفت پر اثر پڑا ہے۔ دوسری طرف اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حد بصارت کی سطح میں کمی کی وجہ سے تین پروازوں کو ڈائیورٹ کرنا پڑا ہے، اگرچہ کوئی پرواز منسوخ نہیں کی گئی ہے۔سڑکوں پر بھی حد بصارت کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ صفدر جنگ میں پیر کی صبح کم از کم درجہ حرارت 2.6 اور پالم میں 2.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔