نئی دہلی،24جنوری(اے یو ایس) یوم جمہوریہ کے موقع پرکسانوں کی ٹریکٹر ریلی میں راج پتھ پر نکالی جانے والی جھانکیوں کی طرح ہی جھانکی نکالی جائے گی۔ ٹریکٹر ریلی میں مختلف ریاستوں کے کسان ٹریکٹر پر اپنے اپنے ریاستوں کی جھانکیاں نکالیں گے۔ کسان رہنما منجیت سنگھ رائے نے بتایا کہ کسان 26 جنوری کی پریڈ کے لئے بھرپور طریقے سے تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں تمام ریاستوں کی جھانکیاں ہوں گی۔رائے نے کہا کہ کسانوں اور ٹریکٹروں کی ایک بڑی تعداد دہلی پہنچ رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم منچ سے یہ اپیل کر رہے ہیں کہ ٹریکٹر ریلی پرامن طور پر ہونی چاہئے۔اس کے لئے ہم نے رضاکاروں کو بھی لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دیگر ساتھی وہ روٹ دیکھنے گئے ہیں جہاں سے ریلی نکلنی ہے۔ رائے نے کہا کہ ہم زرعی قانون کو منسوخ کراکر ہی جائیں گے۔دوسری طرف دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کررہے کسانوں کی تحریک کی حمایت میں مہاراشٹر کے ناسک سے بھی ہزاروں کسان آل انڈیا کسان سبھا کی قیادت میں ممبئی کے آزاد میدان کی جانب سے ہاتھوں میں جھنڈا بینر لے کرمارچ کررہے ہیں۔

قصرا گھاٹ سے ممبئی کے لئے کسانوں نے گاڑیوں کی بھی یاترا نکالی ہے۔ پیر کو ممبئی کے آزاد میدان میں کسانوں کی ایک بڑی ریلی طلب کی گئی ہے۔ شرد پوار بھی بھی اس میں شرکت کرنے والے ہیں۔بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیٹ نے ہفتے کوکہا تھا کہ 26 جنوری کو دہلی میں ہونے والی کسان پریڈ میں اترپردیش اور اتراکھنڈ سے تقریباً25,000 ٹریکٹر حصہ لیں گے۔