لکھنؤ،8اپریل(اے یو ایس)عالمی وبا کورونا وائرس کے معاملے ملک میں بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے متعدد اضلاع میں کووڈ۔19 سے متعلق پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔دارالحکومت لکھنؤ کی ضلع انتظامیہ نے بدھ کے روز شام 9 بجے سے صبح 6 بجے تک اس علاقے میں رات کا کرفیو نافذ کردیا۔ یہ کرفیو 8 اپریل سے 16 اپریل تک شام 9 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔ وارانسی میں بھی رات کا کرفیو نافذ کیا جائے گا۔کانپور میں بھی بدھ کی رات نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا۔ یہاں کرفیو 8 اپریل سے 30 اپریل تک نافذ رہے گا اوررات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوں گے۔ ضروری اور ایمرجنسی خدمات کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ کیا جائے گا۔جبکہ لکھنؤ میں کووڈ۔19 پروٹوکول کے ساتھ دن کے وقت صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک کام جاری رہے گا۔کرفیو صرف لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں لاگو ہوگا، نہ کہ دیہی لکھنؤ میں۔

پھلوں، سبزیوں، دودھ، ایل پی جی، پٹرول ڈیزل اور دوا کی فراہمی جاری رہے گی۔نائٹ شفٹوں میں کام کرنے والے سرکاری اور نیم سرکاری اہلکار اور ضروری سامان کی خدمات میں مصروف نجی شعبے کے اہلکار مذکورہ نائٹ کرفیو سے مستثنیٰ ہوں گے۔ریلوے اسٹیشن، بس اسٹیشن، اور ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والے لوگ اپنا ٹکٹ دکھا کر سفر کرسکیں گے۔ مال بردار ٹرینوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔اترپردیش میں ضلع مجسٹریٹ کو یہ بھی اختیار دیا گیا ہے کہ اگر کسی علاقہ میں 500 سے زائد کووڈ۔19 کے کیس سامنے آئے تو وہ اپنے علاقہ میں شام 9 بجے تا صبح پانچ بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرسکتا ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لکھنؤ نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ضلع میں 15 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا یہ پابندیاں میڈیکل، طبہ عملہ اور پیرا میڈیکل اداروں پر لاگو نہیں ہوں گی۔ضلع میں تمام سرکاری، غیر سرکاری یا نجی طور پر چلنے والے اسکول، کالج، تعلیمی ادارے اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ بند رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھیوری اور پریکٹیکل امتحانات کووڈ۔19 پروٹوکول کی سخت تعمیل کے تحت تسلیم شدہ تعلیمی اداروں میں کروائے جائیں گے۔نائٹ کرفیو کا فیصلہ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کے بعد لیا گیا ہے۔ جس میں کووڈ۔19 کے بڑھتے ہوئے معاملے سے بری طرح متاثرہ 13 اضلاع کے سلسلے میں معلومات فراہم کی گئی ہے۔وارانسی میں 8 اپریل سے نائٹ کرفیو بھی نافذ کیا جائے گا اور یہ رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔

یہاں بھی تمام غیر طبی اداروں کو بند کردیا جائے گا۔طلبہ کو صرف امتحانات اور پریکٹس کے لئے تعلیمی اداروں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ دریں اثناء مذہبی اور سماجی تقاریب پر بھی کڑی نگاہ رکھی جائے گی۔ عام لوگوں کو گھاٹ پر آرتی جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔تاہم ضروری خدمات پر کوئی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ وارانسی میں کرفیو سے متعلق احکامات جمعرات کے اوائل میں جاری کردیئے جائیں گے۔