میں کون ہوں ؟ 
شاید کوئی نہیں ہوں
کچھ نہیں ہوں
یہاں یا تو خریدنے والے موجود ہیں یا پھر بیچنے والے
میں دونوں میں سے نہیں ہوں
شاید کوئی نہیں ہوں
کچھ نہیں ہوں
کہتے ہیں کے جسم بیچنے کا دھندا دنیا کا سب سے پرانا دھندا ہے
روح اور وفا بیچنے کا دھندا کتنا پرانا ہے؟ 
کب سے ہے؟ 
عورت جو جسم بیچتی ہے وہ رنڈی کہلاتی ہے
جو پیسے کے لیے وفاداریاں تبدیل کرتی ہے وہ کیا کہلاتی ہے؟ 
ذاتی مفاد کے لیے ہر روز صحیح کو غلط اور غلط کو صحیح بنانے والے مرد کیا کہلاتے ہیں؟ 
لوگ ووٹ بیچتے ہیں ایک قیمے والے نان پر
ہم بھی تو روز مرہ زندگی میں اپنا ووٹ بیچتے ہیں
اپنی وفا بیچتے ہیں
بس ہم سب کے قیمے والے نان مختلف ہوتے ہیں
دولت، شہرت، عیش و عشرت، وابستگی
بس ہم سب کے قیمے والے نان مختلف ہوتے ہیں
اقتدار کا نشہ شدید ہوتا ہے مگر اختیار کا نشہ بھی کچھ کم نہیں
صاحبِ اختیار کے ساتھ جڑ کر مضبوط محسوس ہوتا ہے نا؟ 
کمزور کا ساتھ کون دیتا ہے
طاقت ور سے اَن بن نقصان دہ ہو سکتی ہے
غنڈے کی دشمنی خطرناک ہو سکتی ہے
کمزور کا ساتھ کون دیتا ہے؟ 
یہ غلط نہیں، یہ میری ماں ہے
یہ غلط نہیں یہ ہے میرا بیٹا
صحیح اور غلط کی حقیقت کون دیکھتا ہے؟ 
سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ بنا دیا جاتا ہے
جھوٹ کے شور میں سچ کو دبا دیا جاتا ہے
آپ کے لیے قیمے والا نان کیا ہے؟ 
یہاں یا تو خریدنے والے موجود ہیں یا پھر بیچنے والے
میں دونوں میں سے نہیں ہوں
شاید کوئی نہیں ہوں
کچھ نہیں ہوں

عینی خان